'گھروں سے نہ نکلیں' ۔ سڈنی اور اطراف شدید باد و باران کی لپیٹ میں

سڈنی میں شدید باد و باران اور طوفانی ہواوں کے باعث قریب ایک سو پروازیں ملتوی کرنا پڑی ہیں جبکہ خطرناک سیلاب کے پیش نظر لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے کا کہا گیا ہے۔

Water on a highway

The Newell Highway at Moree in northern NSW was among the roads flooded in the deluge. Source: AAP / LIVE TRAFFIC NSW/PR IMAGE

آسٹریلیا کے مشرقی ساحلی علاقوں میں اس شدید طوفانی موسم کے باعث سڑکوں پر سفر کرنے والوں کو بھی انتہائی ضرورت کے بغیر گاڑی نکالنے سے منع کیا گیا ہے۔ ریاست نیو ساوتھ ویلز میں شدید بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کی ہیلن ریڈ کے بقول معمولاً اپریل کے مہینے میں اوسط بنیادوں پر 126 اعشاریہ پانچ ملی لیٹر بارش ہوتی ہے لیکن گزشتہ روز سے اب تک ایک سو ملی لیٹر سے زیادہ بارش ہوچکی ہے اور یہ ماہانہ اوسط بارش کو پیچھے چھوڑسکتا ہے۔

اندازوں کے مطابق سڈنی میں دو سو ملی لیٹر سے زائد اور اطراف میں تین سو ملی لیٹر سے زائد بارش متوقع ہے۔ سڈنی کو پانی فراہم کرنے والے واراگامبا ڈیم کے مکمل طور پر بھر جانے کے امکانات بھی خاصی بڑھ گئے ہیں۔

سڈنی میں محکمہ آب کے ادارے کے چیف ایگزیکیٹیو اینڈریو جورج کے بقول اس ڈیم کو بھرنے کے لیے محض 90 ملی میٹر کی بارش کافی ہوتی ہے اور اب یہاں 150 ملی میٹر تک بارش برسی ہے۔ ان کے بقول ڈیم کے بھر جانے کے بعد پانی کی اضافی نکاسی کے حوالے سے کمیونٹی کو خبردار رہنے کی ضرورت ہے۔


جمعہ کی شب تک یہ ڈیم جو شہر کے جنوب مغربی حصے میں قائم ہے، 96 فیصد تک بھر چکا تھا۔

ریاست کی ایمرجنسی سروس کے مطابق اس قدر شدید بارش کے بعد خطرناک اور ممکنہ طور پر مہلک سیلابی ریلے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ ایس ای ایس نے بالخصوص سڈنی، وولونگونگ، ناورا، بیٹامانس بے اور گولوبرن کے باسیوں کو گھروں کے اندر رہنے کا کہا ہے۔ ایک دن کے اندر 552 ایمرجنسی واقعات رپورٹ کیے گئے۔

نیوساوتھ ویلز میں ایس ای ایس کے چیف سپرانٹینڈنٹ ڈیلاس برنس کے بقول بیشتر واقعات ایسے تھے جب گاڑیوں میں سفر کرنے والے افراد سیلابی ریلے میں پھنس گئے تھے۔ اسی لیے لوگوں کو سڑکوں پر نہ نکلنے کا کہا گیا ہے۔ ان کے بقول شدید باد و باران کے باعث درختوں کے گرنے کے واقعات بھی بڑھ گئے ہیں اور امدادی کارکن انہیں ہٹانے میں مصروف عمل ہیں۔


A woman crossing a road holding an umbrella
Drivers are being warned to avoid non-essential travel as a dangerous storm system hits along Australia's eastern seaboard. Source: AAP / Dan Himbrechts
سیلاب کا سب سے زیادہ ہاکسبری نیپیئن دریا کے اطراف بتایا جاتا ہے جہاں برسنے والی حالیہ بارش نے کئی سابقہ ریکارڈ توڑ ڈالے۔ ایسے حالات میں محکمہ ٹرانسپورٹ نے غیرمعمولی طور پر لوگوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا کہا ہے۔

فوری طور پر ان شدید موسی حالات سے کوئنزلینڈ میں ایک ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ دوسری جانب نیوساوتھ ویلز میں جانوروں کے تحفظ کی ایک سینکچیوری کو بھی شدید بارش کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔ بائن بے وائلڈ لائف سینکچیوری نے ایک اعلامیہ میں کہا ہے کہ تمام جانوروں اور یہاں کے ہسپتال کو دور ایک بلند مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

شئیر
تاریخِ اشاعت 5/04/2024 5:41pm بجے
ذریعہ: SBS