پاکستان رپورٹ: ایرانی صدر کا دورہ پاکستان، پاکستانی حکام سے مذاکرات

Iranian President Raisi in Pakistan

Iranian President Raisi in Pakistan Source: Anadolu / Anadolu/Anadolu via Getty Images

ایس بى ایس کی موبائیل ایپ حاصل کیجئے

سننے کے دیگر طریقے

پاکستان میں عام انتخابات کے بعد اپریل کے ضمنی انتخابات میں بھی دھاندلی کی گونج سنائی دینے لگی ہے۔ حزب اختلاف کی جماعت تحریک انصاف نے ضمنی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف جمعے کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔


Key Points
  • ضمنی الیکشن میں دھاندلی کیخلاف ملک گیر احتجاج
  • ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے پاکستانی حکام سے مذاکرات
  • بشری بی بی کی دوران قید صحت، نیا تنازعہ
تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ ضمنی الیکشن کا دن پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا۔ پولیس اور انتظامیہ انتخابات پر اثر انداز ہوئی اور حقائق چھپانے کیلئے میڈیا نمائندوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ادھر حکومت نے دھاندلی کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونیوالے 22 امیدواروں کے فارم 47 جاری کر دیئے ہیں۔ ضمنی انتخابات کے حوالے سے فافن نے بھی اپنی ابتدائی رپورٹ جاری کی ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کی دوران قید صحت کو لیکر ایک نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔ پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز نے طبعی معائنے کے بعد بشری بی بی کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔ جبکہ تحریک انصاف نے بشری بی بی کی صحت کے حوالے سے خدشے کا اظہار کیا ہے۔ اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کی سماعت میں مزید 6 گواہوں کے بیان قلمبند کر لیے گئے ہیں۔ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کراچی پہنچ گئے ہیں۔ چیف جسٹس عامر فاروق کی زیر صدارت اسلام آباد ہائیکورٹ کے فل کورٹ اجلاس میں کسی بھی مداخلت کی صورت میں ادارہ جاتی رسپانس دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات کے بعد دھاندلی کا شور ایک بار پھر سنائی دینے لگا ہے۔ حزب اختلاف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنماوں عمر ایوب، بیرسٹر گوہر اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ضمنی انتخابات کا دن پاکستان کی جمہوری تاریخ میں سیاہ ترین دن تھا۔ بیلٹ باکس ووٹنگ سے بھرے گئے۔ اپنے امیدواروں کو جتوانے کیلئے دھاندلی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف سے زیادہ لیگی امیدوار کو ووٹ ملنا ہی دھاندلی ہے، لاہور اور گجرات میں جعلی طور پر امیدواروں کو ہروایا گیا۔ حکومت نے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں عوام نے تحریک انصاف کے انتشار کے بیانیے کو مسترد کردیا۔ بانی پی ٹی آئی جیل میں بیٹھ کر ملک کے دفاعی اداروں کیخلاف سازش کررہے ہیں ۔ پاکستان کے دوست ممالک کیخلاف بیانات دیئے جارہے ہیں۔ پاکستان کی ساکھ کو عالمی سطح پر نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن میں کامیاب 22 امیدواروں کے فارم 47 جاری کر دیئے ہیں۔ 5 قومی اسمبلی، 12 پنجاب اسمبلی، 2 بلوچستان اسمبلی اور 2 خیبرپختونخوا اسمبلی کے کامیاب امیدوار شامل ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ 50 قلعہ عبداللہ سے ری پولنگ میں ایک کامیاب امیدوار کا بھی فارم 47 جاری کیا گیا ہے۔ ملک میں 21 اپریل کو ہونیوالے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن نے 11 نشستوں پرکامیابی حاصل کی ۔ اتحادکونسل اور پیپلز پارٹی کو 2، 2 ق لیگ اور استحکام پاکستان پارٹی ، بی این پی کو ایک ایک نشست حاصل ہوئی۔ ایک نشست پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔ ادھر فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے اپریل کے ضمنی انتخابات پر ابتدائی جائزہ رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق ضمنی انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ کی شرح تقریبا 36 فیصد رہی جو 8 فروری کے عام انتخابات سے کم ہے۔ ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولنگ کا عملہ ،پولنگ سٹیشنز کا قیام، ووٹرز کی شناخت، بیلٹ پیپرز کا اجراء اور ووٹوں کی گنتی، بڑی حد تک مناسب طریقہ کار کے مطابق تھی۔ سوائے ایک دو کے تمام حلقوں میں پولنگ ایجنٹس اور مجاز مبصرین کوووٹنگ اور گنتی کے عمل تک رسائی حاصل رہی ۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کی دوران قید طبعیت ناسازی کو لے کر ایک نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔ ڈاکٹرز بشری بی بی کو مکمل فٹ قرار دے رہے ہیں جبکہ تحریک انصاف خدشے کا اظہار کررہی ہے۔ بشریٰ بی بی نے سوموار کی دوپہر بنی گالہ میں سینے میں جلن کی شکایت کی۔ دن کے وقت اڈیالہ جیل کے ڈاکٹرز نے معائنہ کر کے سابق خاتون اول کو صحت مند قرار دے دیا۔ بعد ازاں رات کے وقت پمز ڈاکٹرز کی ٹیم نے بنی گالہ میں بشریٰ بی بی کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو مکمل فٹ قرار دے کر ان کی صحت کے حوالے سے تازہ ترین رپورٹ اعلیٰ حکام کو بھجوا دی ہے۔ بشری بی بی کی ترجمان مشعال یوسفزئی نے کہا ہے کہ سابق خاتون اول کی دو بار ای سی جی کی گئی۔ بشری بی بی کی صحت کو لیکر خدشات ہیں کہ کہیں انہیں ہارٹ اٹیک نہ ہو۔ وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بشری بی بی کی صحت کے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلا کر پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے۔ زہر دہنے والی بات مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل رپورٹس کے مطابق بشری بی بی مکمل فٹ ہیں۔ اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کیخلاف 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے ریفرنس پر سماعت کی۔ دوران سماعت 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں مزید 6 گواہوں کے بیان قلمبند اور 2 گواہوں پر جرح مکمل کرلی گئی۔اب تک ریفرنس میں مجموعی طور پر کیس میں 21 گواہوں کے بیان قلمبند اور 15 پر جرح مکمل کر لی گئی ہے۔

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کراچی پہنچ گئے ہیں۔ ایرانی صدر دورہ لاہور مکمل کرنے کے بعد خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور سے کراچی پہنچے جہاں ائیرپورٹ پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور صوبائی کابینہ کے اراکین نے ان کا استقبال کیا۔ایران کے صدر نے بانی پاکستان محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ ایرانی صدر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بیان کیے۔ گورنر ہاوس میں گورنر سندھ نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو جامعہ کراچی کی جانب سے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی۔ ایرانی صدر نے بزنس فورم کے شرکا سے ملاقات بھی کی۔

اس سے قبل ایرانی صدر نے لاہور کے دورے کے دوران وزیراعلی پنجاب کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کیے۔ ایرانی صدر نے مزار اقبال پر حاضری دی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فلسطین اسرائیل جنگ میں فتح فلسطینیوں کو نصیب ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام ان کے دل کے بہت قریب ہیں۔ وہ پاکستانی عوام کی گرم جوشی دیکھ کر خوش ہوئے۔ ان کی خواہش تھی کہ وہ پاکستان میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں لیکن کچھ وجوہات کی بنا پر یہ مکمن نہیں ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال ایک عظیم شاعر تھے۔ اس سے قبل ایرانی صدر کے اسلام آباد میں قیام کے دوران ایرانی صدر نے وزیراعظم شہباز شریف ، صدر آصف علی زرداری اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ اعلی سطح مذاکرات میں پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تعلقات خاص طور پر تجارت، توانائی، روابط، ثقافت اور عوامی سطح پر رابطوں میں تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں برادر ممالک نے آئندہ پانچ سال میں تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا۔ مذاکرات میں دونوں ممالک نے دہشتگردی کیخلاف مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا ہے، پاکستان اور ایران نے مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے 8 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے کسی بھی مداخلت کی صورت میں ادارہ جاتی رسپانس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کی جانب سے عدالتی امور میں مداخلت کے معاملے پر منگل کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں فل کورٹ اجلاس منعقد ہوا۔ چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 8 ججز فل کورٹ اجلاس میں شریک ہوئے۔ سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھنے والے 6 ججز بھی اجلاس میں شریک تھے، جن میں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحاق، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز شامل تھے۔خط پر دستخط نا کرنے والے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کا فل کورٹ اجلاس تقریبا ڈھائی گھنٹے جاری رہا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں حساس ادارے کی جانب سے مداخلت روکنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی مداخلت کی صورت میں ادارہ جاتی رسپانس دیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ میں جاری سوموٹو کیس کے دوران ہائیکورٹ کا متفقہ موقف پیش کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ 25 مارچ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز نے ججز کے کام میں خفیہ ایجنسیوں کی مبینہ مداخلت اور دباؤ میں لانے سے متعلق سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھا تھا۔ خط پر وفاقی حکومت نے انکوائری کمیشن تشکیل دیا تھا لیکن کمیشن کے سربراہ تصدق حسین جیلانی نے معذرت کرلی تھی۔ جس کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان نے معاملے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے 7 رکنی لارجر پینچ تشکیل دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے معاملے پر تمام ہائی کورٹ سے تجاویز طلب کی تھیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ کیا ہے تمام تجاویز ایک ساتھ سپریم کورٹ میں بھیجی جائیں گی۔

رپورٹ: اصغرحیات

شئیر